ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرکزی وزیر نارائن رانے گرفتار، پھر ضمانت پر رہا؛ مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ کے خلاف بدزبانی مہنگی پڑ گئی؛ بی جے پی کے کئی دفاتر پر سینا کے حملے

مرکزی وزیر نارائن رانے گرفتار، پھر ضمانت پر رہا؛ مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ کے خلاف بدزبانی مہنگی پڑ گئی؛ بی جے پی کے کئی دفاتر پر سینا کے حملے

Wed, 25 Aug 2021 17:42:10    S.O. News Service

ممبئی 25 اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) مرکزی وزیر  نارائن رانے کو منگل کے روز گرفتار کر لیا گیا، البتہ کچھ ہی گھنٹوں  میں انہیں ضمانت پر رہا  بھی کردیا گیا،  ایک طرف   ریاستی حکومت  کی جانب سے  مرکزی وزیر کو گرفتار کئے جانے پر  بحث چھڑ گئی ہے تو وہیں دوسری طرف  مرکزی وزیر نارائن رانے کے  مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے  کے خلاف  بدزبانی کے بعد مہاراشٹرا کے مختلف حصوں میں بی جے پی دفاتر پر حملے کئے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ میڈیا میں آئی رپورٹوں کے مطابق واقعے کے بعد   مہاراشٹرا میں شیوسینا اور بی جے پی کےکارکن باہم تصادم نظر آئے ہیں اور اپنی  بدزبانی کی وجہ سے نارائن رانے کو لاک آپ کی ہوا کھانی پڑی ۔

یاد رہے کہ  حال ہی میں مودی کابینہ میں شامل ہونے والے نارائن رانے نے وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے کو یوم آزادی تقریب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ  اُدھو نے تقریر کرنے کے دوران  اپنے ایک معاون سے پوچھا تھا  کہ آزادی کے کتنے برس ہوگئے، اس کے ساتھ ہی رانے نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ  اگر میں  وہاں موجود ہوتا تو کان کے نیچے دے  دیتا۔ اس بیان پر رانے کے خلاف منگل کی صبح سے ہی ناسک میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی تھی۔ شیو سینا کی ذیلی تنظیم یوا سینا کے کارکنان یکے بعددیگرے جمع ہوئے اور متحد ہوکر بی جے پی دفاتر پر جم کر پتھراو کیا۔ غصے میں بپھرے ہوئے کارکنان کا مطالبہ تھا کہ رانے کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے اور وزیراعلیٰ کے کان کے نیچے مارنے کی بات کرنے والے سابق وزیراعلیٰ کو گرفتار کیا جائے۔ اس موقع پر ناسک انتظامیہ نے شہر کے اہم مقامات پر حفاظتی انتظامات سخت کردئے تھے، مگر کارکنان نے بی جے پی دفاتر کو اپنا نشانہ بنایا۔

نارائن رانے کے بیان کے خلاف منگل کو مہارا  شٹرا بھر میں شیوسینکوں نے سڑکوں پر اُترکر احتجاج کیا جس کے دوران متعدد مقامات پر بی جے پی کے دفاتر کو نشانہ بنایا گیا۔پتہ چلاہے کہ  رانے کے خلاف مہاڈ، ناسک اور پونے میں متعدد ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں۔ ممبئی میں جوہو میں بھی نارائن رانے کے گھر کے باہر شیوسینک اور بی جے پی کارکن آپس میں متصادم ہوئے۔

ادھر، بی جے پی نے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے خلاف مرکزی وزیر نارائن رانے کے تھپڑ والے بیان کو خارج کر دیا ہے۔ ساتھ ہی، حزب اختلاف کے لیڈر دیویندر فڑنویس نے کہا کہ پارٹی نارائن رانے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ادھو ٹھاکرے حکومت بی جے پی لیڈران کو نشانہ بنانے کے لئے پولیس کا غلط استعمال کر رہی ہے۔

گرفتاری  کے بعد جب نچلی  عدالت  سے رانے کو ضمانت نہیں ملی تو   ان کے وُکلاء نے  ہائی کورٹ   پہنچ کر صحت کی خرابی کا حوالہ دیتے ہوئے  کچھ ہی گھنٹوں میں  ضمانت حاصل کی۔


Share: